وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں تقریب میں شرکت ، نمایاں طلبہ و طالبات میں ایوارڈز اور انعامات کی تقسیم

جمعرات 24 جولائی 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جمعرات کے روز فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں شرکت کی، جہاں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ایوارڈز اور قیمتی انعامات تقسیم کیے گئے۔

وزارت ریلوے کی جانب سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے اساتذہ اور والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جن طلبہ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، انہوں نے نہ صرف اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پوری قوم کا نام روشن کیا۔انہوں نے حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب بورڈ نے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے تاریخی اور مثالی اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سکالرشپ پروگرام طلبہ و طالبات کے لیے ایک انمول تحفہ ہے۔ تعلیم میں جو نمایاں خدمات انجام دی گئیں، ان کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے، جو ملک میں تعلیمی میدان میں ایک نیا باب رقم کر رہی ہیں۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حلقہ این اے 56 میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور یہ ترجیحی بنیادوں پر جاری رہیں گے۔

انہوں نے نوجوان نسل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلبہ و طالبات ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ آج ہمارے معاشرے میں سچائی اور عقل کی جگہ سنی سنائی باتوں نے لے لی ہے، مگر یہی نئی نسل شعور اور علم کے ذریعے اس رجحان کو بدلے گی۔ آپ نے پاکستان کو درپیش اندرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے علم کا ہتھیار استعمال کرنا ہے، جس طرح پاک فوج بیرونی خطرات سے ملک کی حفاظت کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم انسان کو محتاجی سے بچاتی ہے، یہ ایک زیور ہے۔ ہماری بچیاں آج کسی بھی میدان میں کسی سے کم نہیں۔وفاقی وزیر نے اساتذہ اور سرکاری تعلیمی اداروں کی خدمات کو سراہا اور انہیں نجی اداروں سے بہتر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم، صحت اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے طلبہ کو حوصلہ، ہمت، والدین اور اساتذہ کے احترام، اور خدمت خلق کا جذبہ اپنانے کی تلقین کی اور کہا کہ زندگی میں مشکلات آئیں گی، مگر ڈرنا نہیں ہے۔ ہمت اور جذبہ پیدا کریں، کیونکہ آپ ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔