فارم 47 کی غیر آئینی و غیر قانونی مسلط نااہل و کرپٹ حکومت نے نااہلی و ناکامی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعرات 24 جولائی 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں لیویز فورس کو پولیس فورس میں ضم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت اور توہین عدالت کے مرتکب اقدام پر دُکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فارم 47 کی غیر آئینی و غیر قانونی زر وزور سے مسلط نااہل و کرپٹ حکومت نے نااہلی و ناکامی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔

صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخواکے مختلف اضلاع میں محکمہ پولیس کی جانب سے لیویز کے اہلکاروں کو حاضری رپورٹ فوری طور پر جمع کرنے کے احکامات دراصل عدالتی توہین کے مرتکب ہیں ، اور عدالت عالیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر آئینی مسلط حکمرانوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے خلاف پہلے سے ہی کیس عدالت میں زیر سماعت ہے عوامی حمایت سے ہاری حکمران آئے روز عوام کے جذبات سے کھیلتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں جس سے عوام کو ریلیف کے بجائے اذیت پہنچ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

لیویز جوکہ ایک لوکل فورس ہے اور دیہی علاقوں میں اپنی بساط سے بڑھ کر امن و امان کی عملداری قائم کیے ہوئے ہیں جس کی واضح ثبوت یہ ہے کہ جہاں لیویز فورس اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں وہاں ان علاقوں کی بہ نسبت زیادہ امن و امان قائم ہے جہاں پولیس ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں پولیس کے زیر نگرانی اور لیویز کے زیر نگرانی علاقوں کے امن و امان کا اگر موازنہ کیجائے تو پولیس کی زیر نگرانی علاقوں کی امن و امان کے حوالے سے مسائل سو گنا سے بھی زیادہ تناسب میں ہوں گے۔

لیویز فورس کے احاطے علاقوں کو پولیس کے زیر کنٹرول دے کر وہاں بھی شہری علاقوں کی طرح بدامنی اور لاقانونیت قائم کرنا مقصود ہے جہاں کسی کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں ۔بیان میں کہا گیاہے کہ لیویز لوکل فورس ہونے کی وجہ سے انھیں علاقے کے تمام رسم و رواج کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر اور ان کے ٹھکانوں کا بھی بخوبی علم ہوتا ہے لوکل فورس ہونے کی وجہ سے رشوت خوری کا تصور تک نہیں جہاں رشوت خوری نہ ہو وہاں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی فورسز کے لیے اس وجہ سے مسئلہ نہیں ہوتا کیونکہ علاقے کے عوام لیویز کے ساتھ ہر وقت ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں ۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیویز فورس کو کو جدید ہتھیار اور ٹریننگ دے کر انھیں جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اس میں مزید اضافہ کیا جائے دہیی علاقوں کے امن وامان کے حوالے سے تمام نظم و نسق لیویز فورس کے حوالے کی جائے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے اس عوام دشمن فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے اور لیویز فورس کو اپنے پرانے حالت میں کام کرنے دیا جائے۔