پاکستان مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری نافذ کرنے کی اسرائیلی پارلیمنٹ کی غیرقانونی کوشش کی مذمت کرتا ہے، ترجمان دفترخارجہ

جمعہ 25 جولائی 2025 11:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) پاکستان نے مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری نافذ کرنے کی اسرائیلی پارلیمنٹ کی غیرقانونی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قابل مذمت اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور فلسطینی حقوق اور بین الاقوامی اصولوں کے خلاف اسرائیل کی مسلسل بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو جاری مذمتی بیان میں کہا کہ ایسے جان بوجھ کر کئے گئے اشتعال انگیز اقدامات قابض طاقت کی طرف سے امن کی کوششوں کو کمزور کرنے اور اپنے غیرقانونی تسلط کو مستحکم کرنے کی منظم کوششوں کو واضح کرتے ہیں ، یہ یکطرفہ اقدامات خطرناک تصاد م کی طرف اشارہ ہیں جو خطے کے استحکام اورایک منصفانہ اور پائیدار حل کے امکانات کوخطرے میں ڈال سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کےلئے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے، اسرائیل کے اقدامات نہ تو تسلیم کئے جائیں گے اور نہ ہی مقبوضہ فلسطینی علاقے کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حیثیت کو تبدیل کریں گے، پاکستان فلسطینی عوام کے خود ارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کےلئے اپنی غیرمتزلزل عزم کی توثیق کرتا ہے، ہم اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق قبل از جون 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی پرزور حمایت کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔\932