کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 5زخمیوں سمیت6 ڈاکوئوںگرفتار

جمعہ 25 جولائی 2025 12:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 5زخمیوں سمیت6 ڈاکوئوںکو گرفتار کرلیا گیاہے ۔پولیس کے مطابق شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں تنظیم فلور مل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ ہلاک اور زخمی ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر گشت کے دوران پولیس اہلکاروں نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ میں تین ڈاکو شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم اسپتال منتقلی کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ہلاک ڈاکوں کی شناخت مہران اور عبدالحمید کے ناموں سے ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے موقع سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فونز برآمد کر لیے، زخمی ملزم اور ہلاک ڈاکوں کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مومن آباد پولیس نے ایرانی کیمپ کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو گل محمد کو زخمی حالت میں اس کے ساتھی عرفان سمیت گرفتار کرلیا۔ڈاکوئوں کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں ، چلیدہ خولز ، 4 موبائل فونز ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جس کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔مومن آباد پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال جبکہ اس کے ساتھی کو تفتیش کے تھانے منتقل کر دیا۔

دریں اثنا ملیر سٹی پولیس نے شاہراہ بھٹو پر شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت شاہجہاں ولد شوکت کے نام سے کی گئی۔جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جسے پولیس تلاش کر رہی ہے۔گرفتار زخمی ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے جبکہ پولیس نے زخمی ڈاکو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔

مومن آباد اور ملیر سٹی پولیس گرفتار ڈاکووں کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے ۔نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے صبا سینما کے قریب مبینہ مقابلہ دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے۔دونوں زخمی ڈاکوئوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ڈاکوں کی شناخت زبیر احمد اور اویس کے ناموں سے کی گئی