سنگدل بیٹے نے بیوی کو خوش کرنے کیلئے بوڑھی ماں کو چھریاں مار کر زخمی کر دیا

جمعہ 25 جولائی 2025 16:03

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)سنگدل بیٹے نے بیوی کو خوش کرنے کیلئے بوڑھی ماں کو چھریاں مار کر زخمی کر دیا جبکہ ایک اور واقعہ میں شوہر نے بیوی کواور بھائی نے چھوٹی بہن کو گولیاں ماردیں ،تینوں زخمی خواتین کوتشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔بتایا جاتا ہے سلامت پورہ میں سنگدل بیٹے نجیب نے بیوی کو خوش کرنے کیلئے بوڑھی ماں جنت بی بی کو چھریاں مارکر شدید زخمی کردیا جسے تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

جنت بی بی نے بتایا اس نے اپنا مکان اپنی بیٹی کے نام لگایا جس کی وجہ سے بیٹے نجیب کی بیوی کو غصہ آیا اور اسے خوش کرنے کیلئے بیٹے نے اسے چھریاں مارکر شدید زخمی کردیا ۔اسی طرح جی ٹی روڈ کی آبادی نائیانوالہ فارم میں نوجوان صداقت نے معمولی جھگڑے پر اپنی پچیس سالہ بیوی اقرا ء کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگیا ،اقرا ء کو بھی تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

کوٹ پنڈی داس گائوں میں بڑے بھائی نے معمولی بات پر چھوٹی بہن سولہ سالہ خدیجہ کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگیا ،زخمی بچی کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال سے لاہور میو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے۔