پاکستان کی اعلیٰ تعلیم میں انقلابی قدم، ایچ ای سی کے زیر اہتمام "پاکستان ڈیجیٹل لیپ" کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں جدید ترین ٹیکنالوجیز متعارف کرا دی گئیں

جمعہ 25 جولائی 2025 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) پاکستان کی اعلیٰ تعلیم میں ایک انقلابی قدم کے طور پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام"پاکستان ڈیجیٹل لیپ" کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کو متعارف کروا دیا گیا۔ڈیٹا سینٹرز، کلائوڈ سروسز، لرننگ مینجمنٹ سسٹم، نیٹ ورک سکیورٹی،سمارٹ سکولز اور دیگر سلوشنز کو ابتدائی طور پر پاکستان کے 25 پبلک سیکٹر اداروں میں متعارف کروایا جا چکا ہے، اگلے مرحلے میں یہ سہولیات ملک بھر کی جامعات کو فراہم ہوں گی۔

تقریب کی سب سے منفرد جھلک اس وقت دیکھی گئی جب چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد ایک ہولوگرافک اوتار کی شکل میں سٹیج پر نمودار ہوئے جو پاکستان میں کسی بھی سرکاری تقریب میں ہولوگرام ٹیکنالوجی کا پہلا استعمال تھا۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور آئی ٹی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہ ایونٹ ایچ ای سی کے فلیگ شپ منصوبے ایچ ای ڈی پی کے تحت منعقد کیا گیا جس میں عالمی بینک کا تعاون بھی شامل ہے۔

اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 96 جامعات کو 20 ہزار وائی فائی پوائنٹس اور 7000 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک نیٹ ورک کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ تقریباً 60 لاکھ طلباء ان سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ہم نے جدید ترین ٹیکنالوجیز کی فراہمی سے پاکستانی طلباء کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے مقابلے کے قابل بنایا ہے اور ان سلوشنز سے جامعات کے اخراجات میں بھی واضح کمی آئے گی۔ "پاکستان ڈیجیٹل لیپ" صرف ایک تقریب نہیں بلکہ مستقبل کا ایک وژن ہے جو پاکستان کی نئی نسل کو ڈیجیٹل تعلیم سے جوڑ کر عالمی معیار پر لے جانے کی بنیاد رکھ رہا ہے۔