لاہور ہائیکورٹ،پنجاب حکومت کو گندم کی قیمتیں مقرر کرنے کے قانون پر عمل درآمد کا حکم

جمعہ 25 جولائی 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے گندم کی مناسب قیمت مقرر کرنے کی درخواست پر پنجاب حکومت کو قیمتیں مقرر کرنے کے متعلق بنائے گئے قانون پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے دیا، قبل ازیں عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔جسٹس سلطان تنویر احمد نے صدر کسان بورڈ ظفر حسین کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا،درخواست گزار نے گندم کی مناسب قیمت نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیاتھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ درخواست گزار نے بتایا کہ گندم دو ہزار روپے فی من فروخت ہو رہی ہے جبکہ گندم پر فی من لاگت چار ہزار روپیہ آرہی ہے۔ عدالت نے لکھا کہ وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد گندم کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار صوبوں کو دے دیا گیا تاکہ منصوعی قیمتوں سے بچا جاسکے۔

(جاری ہے)

عدالت نے لکھا کہ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ گندم کے کسانوں کی معاونت کے پروگرام جاری ہیں،سرکاری وکیل کے مطابق قیمتوں کے تعین کیلئے قانون بنا دیا گیا۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ گندم غذائی ضرورت اوراس کی قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسان کو نقصان نہ ہو،سرکاری اداروں نے سیزن کے دوران آئین کے مطابق کردار ادا نہیں کیا،کم زمین والے اور ٹھیکے پر کاشتکاری کرنیوالوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ حکومتی اداروں نے خود تسلیم کیا ہے کہ گندم ایک اہم جزو ہے۔ عدالت حکومتی اداروں کو قیمتیں مقرر کرنے کے ایکٹ2024 پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹاتی ہے ۔