چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے دفتر میں مقابلہ جاتی/سی ایس ایس تیاری کی کتب کی تقسیم کی پُروقار تقریب کا انعقاد

جمعہ 25 جولائی 2025 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کے دفتر میں جمعہ کے روز مقابلہ جاتی/سی ایس ایس تیاری کی کتب کی تقسیم کی ایک سادہ اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل گلگت بلتستان فرید احمد بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے دو اہم عوامی کتب خانوں بشمول بڈلف ہاؤس و لائبریری گلگت اور اشرف میموریل لائبریری (پرانی جیل بلڈنگ) گلگت کے لائبریرینز کو ایک بڑی تعداد میں کتب باقاعدہ طور پر حوالے کیں۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے یہ قیمتی کتب ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن کے سیکرٹریٹ کی جانب سے مذکورہ لائبریریز کو عطیہ کی گئیں۔

(جاری ہے)

ان کتب کا انتخاب مقابلہ جاتی/سی ایس ایس امتحانات کے نصاب کو مدنظر رکھتے ہوئے نہایت احتیاط سے کیا گیا تاکہ طلبہ کو اس مشکل اور باوقار امتحان کی تیاری میں مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔

یہ اقدام نہ صرف گلگت بلتستان کے کم وسائل رکھنے والے طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے بلکہ خطے میں میرٹ، قابلیت اور علمی ترقی کے فروغ کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے اس اقدام کو سراہا اور اسے معاشرے کی بہتری کے لیے ایک قابل تحسین قدم قرار دیا۔ اس موقع پر لائبریرینز نے لائبریریز کی ڈیجیٹلائزیشن اور آن لائن نظام کے قیام کے لیے بھی چیف سیکرٹری سے درخواست کی۔

چیف سیکرٹری نے اس درخواست کا مثبت جواب دیتے ہوئے سیکرٹری فرید احمد کو ہدایات دیں کہ وہ ان لائبریریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق موزوں سفارشات مرتب کریں۔ فرید احمد نے چیف سیکرٹری کو یقین دلایا کہ وہ ان ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے جلد سفارشات پیش کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :