سوات ، سی ٹی ڈی کی کارروائی، اہم کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

مارے جانے والے دہشت گرد قتل، اقدام قتل اور ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات میں مطلوب تھے، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت اجمل، مطیع اللہ اور رحیم اللہ رحمانی کے نام سے ہوئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 26 جولائی 2025 10:37

سوات(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی 2025)خیبرپختونخواہ کے ضلع سوات کے بریکوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،مارے جانے والے دہشت گرد قتل، اقدام قتل اور ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات میں مطلوب تھے،بتایا گیا ہے کہ سوات کی تحصیل کبل کے علاقے شلخو سر میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تین اہم دہشتگرد اجمل، مطیع اللہ اور رحیم اللہ رحمانی مارے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی میں مارے جانے والے دیگر دو دہشت گردوں کی شناخت مطیع اللہ اور رحیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سوات کے ترجمان معین فیاض  اجمل عرف وقاص ملوک آباد کا رہائشی تھا، وہ دہشت گردی کے 9 مقدمات میں مطلوب تھا اور اس نے 8 افراد کو قتل کیا تھا۔

مطیع اللہ عرف اسحاق کے خلاف ضلع شانگلہ میں دہشت گردی کے 2 مقدمات درج تھے جبکہ رحیم اللہ رحمانی عرف روح دہشت گردی کے 2 مقدمات میں مطلو ب تھا۔ترجمان معین فیاض کا کہنا تھا کہ ڈی پی او سوات محمد عمر نے وادی کی مختلف تحصیلوں پر دہشت گردوں کے خلاف وقتاً فوقتاً ضلع بھر میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری رکھا ہے اور سوات کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی سخت چیکنگ جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس ضلع سوات کے امن و امان کو کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی  راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا، فتنہ الہندوستان کا خوارج خطرناک دہشت گرد گرفتار،دہشت گرد کے قبضے سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ اور ڈیٹونیٹر برآمد کر لئے گئے،ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد موسیٰ کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر راولپنڈی سے حراست میں لیا گیا جہاں وہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد سمیت پکڑا گیا۔

دہشت گرد کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، دہشت گرد راولپنڈی میں حساس مقامات پر دہشت گردی کیلئے ریکی مکمل کر چکا تھا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد افغانستان میں متعدد بار ٹریننگ کیلئے جا چکا ہے اور فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر کے ساتھ رابطے میں تھا اس سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، دستی بم، حفاظتی فیوز وائر 7 فٹ، ڈیٹونیٹر 3.، ریموٹ بٹن، پرائمہ کارڈ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے مذکورہ دہشت گرد نے چند روز قبل حساس مقامات کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پہ وائرل بھی کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم متعدد بار افغانستان جا کر دہشتگردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے اور فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر کے ساتھ رابطے میں تھا۔خطرناک دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد فوری طور پر سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ سیکیورٹی ادارے اس کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے بارے میں بھی تحقیقات کی جارہیں تھیں۔