ایف آئی وی بی بوائز انڈر 19 ورلڈ والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے ترکیہ کو شکست دےدی

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) پاکستان والی بال ٹیم نے ایف آئی وی بی بوائز انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ میں ایک اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترکیہ کی مضبوط ٹیم کے خلاف مسلسل تیسری جیت حاصل کی۔ ہفتہ کو یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ تاشقند ازبکستان میں کھیلے گئے میچ میں سخت مقابلے میں پاکستان نے ترکیہ کو سٹریٹ سیٹس 25-27، 25-19، 25-19 سے شکست دی۔

یہ اہم فتح نہ صرف پاکستان کے جیتنے کے ریکارڈ کو جاری رکھتی ہے بلکہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ 16 راؤنڈ کے لیے ان کی اہلیت کو بھی یقینی بناتی ہے جو کہ پاکستان کی والی بال کی تاریخ میں ایک قابل ذکر سنگ میل ہے۔ ٹاپ پرفارمرز میں محمد سعود شامل تھے جو اپنے حملوں میں طاقت اور درستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 پوائنٹس کے ساتھ میچ کے بہترین اسکورر کے طور پر ابھرے۔

(جاری ہے)

اس دوران محمد یحییٰ نے 14 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ اگلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ پیر کو پورٹو ریکو سے ہوگا۔اپنے ایک بیان میں چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ ترکیہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف یہ جیت پاکستان میں والی بال کے بڑھتے ہوئے معیار کا ایک اور ثبوت ہے۔ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے اس چیمپئن شپ میں شاندار مہارت، نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ عالمی سطح پر ٹاپ 16 کے لیے کوالیفائی کرنا صرف ٹیم کی فتح نہیں ہے بلکہ یہ پوری قوم کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔