پیدائش و اموات کے اندراج فیس کی معافی کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے،ڈپٹی کمشنر ملتان

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام دوست اقدام کے تحت پیدائش و اموات کے اندراج اور سرٹیفکیٹ کے اجرا کی فیس معاف کرنے کی منظوری دے دی ہے، اس اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور شہریوں کو اندراج کی ترغیب دینا ہے۔ان خیالات کااظہارڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام رضا ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن اور ان کے سرٹیفکیٹ کے اجرا پر 7 سال تک کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔سیمینار کی صدارت ڈپٹی کمشنر نے کی جبکہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ظہور حسین بھٹہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالغفور نے شرکا کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کا محور عوامی خدمت ہے اور وزیراعلیٰ کا یہ اقدام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

وسیم حامد سندھو نے مزید بتایا کہ سات سال کے بعد پیدائش کے اندراج پر 200 روپے جبکہ اموات کے تاخیری اندراج پر 1000 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اپنے خاندان کے تمام افراد کا اندراج بروقت کرائے تاکہ سرکاری ریکارڈ درست اور مکمل ہو۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کرائیں اور سرکاری عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔