کمبوڈیا اور تھائی لینڈ فوری و غیر مشروط جنگ بندی پر متفق

اتوار 27 جولائی 2025 10:50

ہنوئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیٹ نے اعلان کیا ہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈکے درمیان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔روسی خبررساں ادارے تاس کے مطابق کمبوڈین وزیراعظم نے جنگ بندی کا اعلان اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی براہ راست ثالثی سے ممکن ہوا، امریکی صدر نے تنازع میں جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

کمبوڈین وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے امریکی صدر کو آگاہ کر دیا ہے کہ کمبوڈیا مکمل طور پر جنگ بندی کی تجویز سے متفق ہے اور تھائی لینڈ کے ساتھ مسلح جھڑپوں کے فوری خاتمے پر تیار ہے۔اس سے پہلے، تھائی لینڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ کمبوڈیا کے ساتھ جنگ بندی اور دو طرفہ مذاکرات کے آغاز کے لیے اصولی طور پر تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک دہائی سے زائد عرصے میں ہونے والی سب سے شدید جھڑپوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

تھائی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ تھائی لینڈ اصولی طور پر جنگ بندی پر متفق ہے۔یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کمبوڈین وزیر اعظم ہُن مانیٹ اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیر اعظم فومتھم ویچایاچائی سے گفتگو کی ہے اور دونوں رہنما جلد از جلد جنگ بندی کے طریقہ کار پر بات چیت پر متفق ہو گئے ہیں۔تھائی وزارت خارجہ نے صدر ٹرمپ اور فومتھم کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کی تصدیق کی اور کہا کہ فومتھم نے ٹرمپ سے درخواست کی کہ وہ کمبوڈین قیادت کو یہ پیغام دیں کہ تھائی لینڈ فوری طور پر دو طرفہ مذاکرات چاہتا ہے تاکہ جنگ بندی اور پائیدار امن کے لیے اقدامات اور طریقہ کار طے کیے جا سکیں۔