گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت

اتوار 27 جولائی 2025 14:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملک کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کے 77 ویں یومِ شہادت پر اُنہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید جیسے بہادر سپوت پاکستان کا فخر ہیں، جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی. انہوں نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید کی جرات و بہادری ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ ان کے لہو سے وطن عزیز کی بنیادوں کو استحکام ملا اور اُن کی قربانیاں نئی نسل کو وطن سے محبت اور وفاداری کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے اور ہم اپنے شہداء کے مشن کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔ گورنر نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی ہمارے لیے قومی غیرت، بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔