رائل کورٹ آف جسٹس نے غیر جانبدارانہ اور اصولی فیصلہ دے کر ایک مثال قائم کردی،چوہدری محمد الیاس

عامر یاسین چوہدری کے حق میں سنایا گیا فیصلہ خوش آئنداور یہ فیصلہ سچ،انصاف اور باوقار سیاست کی فتح ہے

اتوار 27 جولائی 2025 15:15

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ضلع کوٹلی ومرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد الیاس نے رائل کورٹ آف جسٹس لندن کی جانب سے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد یاسین اور ان کے فرزند ارجمند وزیر حکومت عامر یاسین چوہدری کے حق میں سنائے گئے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ سچ،انصاف اور باوقار سیاست کی فتح ہے قائد کشمیر وصدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد یاسین پر لگائے گئے بے بنیاد اور شرمناک الزامات کا عدالت کے ذریعے جھوٹا ثابت ہونا نہ صرف ان کی ذاتی فتح ہے بلکہ پوری کشمیری قوم کی عزت و وقار کی بحالی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ان تمام عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے جو جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں ان کا کہنا تھا نام نہاد صحافی کو برطانوی عدالت سے منہ کی کھانا پڑی ہتک عزت کا کیس چوہدری محمد یاسین اور ان کے فرزند عامر یاسین چوہدری جیت گئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے چوہدری محمد یاسین،وزیر حکومت عامر یاسین چوہدری اور ان کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ اب حق اور سچ کی بنیاد پر سیاست کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے برطانوی عدالتی نظام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رائل کورٹ آف جسٹس نے غیر جانبدارانہ اور اصولی فیصلہ دے کر ایک مثال قائم کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے مستقبل میں جھوٹ اور پراپیگنڈہ کے خلاف دیوار ثابت ہوں گے اور سچ بولنے والوں کے حوصلے بلند کریں گے۔