نجی تعلیمی اداروں کی شاندار کارکردگی، حکومت خصوصی پیکج کا اعلان کرے،جنرل سیکریٹری اپیسکا نیلم

اتوار 27 جولائی 2025 15:15

مظفرآباد / نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)آزاد جموں و کشمیر بھر میں تعلیمی بورڈ میرپور کے تحت جاری ہونے والے میٹرک کے سالانہ نتائج میں نجی تعلیمی اداروں نے حسب روایت شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کامیابی پر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (APSCA) نیلم کے جنرل سیکریٹری نے تمام نجی تعلیمی ادارہ جات کے سربراہان، اساتذہ کرام اور طلباء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرک کے نتائج میں نجی تعلیمی اداروں کی نمایاں برتری اس بات کا بین ثبوت ہے کہ یہ ادارے ریاست میں معیاری تعلیم (Quality Education) کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست بھر کے نجی تعلیمی ادارے تقریباً 70 فیصد طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں، اور یہ ادارے بلا معاوضہ ریاست کے تعلیمی سپاہی کا کردار نبھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جنرل سیکریٹری اپیسکا نیلم نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی گراں قدر خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے ایک خصوصی مالیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ یہ ادارے مزید بہتری کے ساتھ تعلیم کی فراہمی جاری رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک قومی فریضہ ہے اور نجی شعبہ اس فریضے میں حکومت کا حقیقی شراکت دار ہے، لہٰذا ان اداروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت وقت کی اہم ضرورت ہے۔