ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ستھرا پنجاب پروگرام اور ضلعی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس

اتوار 27 جولائی 2025 16:20

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عمران علی کی زیرصدارت ستھرا پنجاب پروگرام اور ضلعی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شیرینہ جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای اوز میونسپل کمیٹیز، ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران سمیت کنٹریکٹرز ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صفائی عملے کی کارکردگی کوڑا کرکٹ کی بروقت صفائی،گلی محلوں میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں شہر کی صفائی، خوبصورتی، گرین بیلٹس کی بحالی، وال چاکنگ کے خاتمے اور سرسبز و شاداب ماحول کی فراہمی سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز صفائی مہم کی سخت نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ دفتر ڈپٹی کمشنر کو ارسال کی جائے ۔

شہری و دیہی علاقوں میں نالیوں کی مکمل صفائی رکھنے اور نکاسی آب کے نظام کو مکمل فعال بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی صرف ایک مہم نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے جس میں ہر فرد کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ عملہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔شہریوں کا تعاون بھی اس مہم کی کامیابی کے لیے نہایت اہم ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں تاکہ مستقل بہتری ممکن ہو سکے۔