لاہور کے نجی ہوٹل میں 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی بجلی چوری

تین میٹرز کی ری پروگرام کرکے مارچ 2023ء سے ریڈنگ فریز رکھی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 17:29

لاہور کے نجی ہوٹل میں 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی بجلی چوری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) لیسکو حکام نے لاہور کے نجی ہوٹل میں 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی بجلی چوری پکڑلی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیورس روڈ میں واقع نجی ہوٹل میں بجلی چوری کی بڑی واردات پکڑی گئی ہے جہاں 3 تھری فیز میٹرز کے ذریعے 2 کروڑ 63 لاکھ کی بجلی کی چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان لیسکو نے بتایا ہے کہ لاہور کے نجی ہوٹل میں بجلی چوری کی غرض سے دھوکہ دہی کے ذریعے بجلی کے میٹرز کی ری پروگرامنگ، سکیورٹی بریچ اور ریڈنگ فریز کی گئی، لیسکو کو پہلے میٹر سے 98 لاکھ روپے، دوسرے سے 70 لاکھ جب کہ تیسرے میٹر سے 95 لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور مجموعی طور پر ہوٹل میں بجلی کے 3 تھری فیز میٹرز کے ذریعے 2 کروڑ 63 لاکھ کی بجلی کی چوری پکڑی گئی۔

لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ ہوٹل مالکان نے سکیورٹی بریچ کے ذریعے میٹرز میں دھاندلی کی اور تینوں میٹرز کو غیرقانونی طور پر ری پروگرام کرکے مارچ 2023 سے ریڈنگ فریز رکھی گئی تھی، لیسکو اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران مشتبہ میٹرز کو قبضے میں لے لیا گیا اور نجی ہوٹل مالکان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی کروادیا گیا ہے جس کی روشنی میں ملزمان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔