اسلام آباد سے گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے معاملے میں مزید انکشافات

موقع سے گرفتار غیرملکی باشندہ زونگ وی حال ہی میں پاکستان آیا، اس کے پاس 90 دن کا ویزہ ہے؛ حکام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 18:21

اسلام آباد سے گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے معاملے میں مزید انکشافات
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے معاملے میں مزید انکشافات سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے آج ترنول کے علاقہ میں چھاپے کے دوران 50 سے زائد گدھے اور 25 من گدھوں کا گوشت برآمد کرکے غیر ملکی شہری کو گرفتار کیا، اتھارٹی نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کی موجودگی میں ترنول میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں گدھے کا گوشت اور درجنوں گدھے برآمد کیے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران موقع پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو پولیس کے حوالے کیا گیا، ملوث افراد کے خلاف فی الفور اندراج مقدمہ کا حکم دیتے ہوئے گوشت کو تلف کردیا گیا، اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے کہ گوشت کن کن علاقوں میں سپلائی کیا گیا اس کے علاوہ گوشت کو غیر ملکی شہریوں کے کھانے کے لیے استعمال کرنے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے معاملے میں مزید انکشافات ہوئے ہیں کہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے شہری یہاں گدھے فروخت کرتے تھے، گدھوں کی کھالیں گوادر لے جا کر بیرون ملک ایکسپورٹ کی جاتی تھیں، موقع سے گرفتار غیرملکی باشندہ زونگ وی حال ہی میں پاکستان آیا، اس کے پاس 90 دن کا ویزہ ہے، غیرملکی شہری 6 ماہ سے سنگجانی میں گدھوں کا سلاٹر ہاؤس چلا رہا تھا، گوشت کی پیکنگ کےلیے 40 خواتین ملازم رکھی ہوئی تھیں، پولیس حکام سے معلوم ہوا ہے کہ ترنول کے علاقے میں گدھے کا گوشت ملنے کے واقعے کے حوالے سے موقع پر موجود غیر ملکی شہر ی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور گدھے کے گوشت کی ترسیل کےحوالے سے تحقیقات جاری ہیں، گدھے کے گوشت کی سپلائی میں ملوث مقامی افراد کا سراغ لگایا جا رہا ہے جس کے لیے پولیس کی جانب سے معاملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔