پی آئی اے کا 8 اگست سے اربعین کیلئے خصوصی پروازوں کا اعلان

قومی فضائی کمپنی نے اربعین کے خصوصی فلائٹ آپریشن کے لیے فی مسافر کرایہ 675 ڈالر مقرر کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 17:42

پی آئی اے کا 8 اگست سے اربعین کیلئے خصوصی پروازوں کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے 8 اگست سے اربعین کیلئے خصوصی پروازوں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے اربعین کے لیے پاکستان سے نجف روانگی کیلئے خصوصی پروازیں 8 اگست سے 11 اگست تک چلائی جائیں گی، نجف سے پاکستان واپسی کی پروازیں 18 اگست تا 23 اگست تک تک چلیں گی،پی آئی اے کی تمام پروازوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی گئی ہے اور مارکیٹ کی ضرورت پر مزید پروازیں بھی شیڈول کی جائیں گی، پی آئی اے کے اربعین کے خصوصی فلائٹ آپریشن کے لیے فی مسافر کرایہ 675 ڈالر مقرر ہے جب کہ عراق جانے والے زائرین نے پی آئی اے سے کرایہ کم کرنے اور مزید اضافی پروازوں کو چلانے کی درخواست کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے بذریعہ سڑک ہر سال لاکھوں لوگ ایران کے راستے عراقی شہر نجف جاتے ہیں، تاہم اس سال وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ زائرین کو اربعین کیلئے سڑک کے ذریعے عراق اور ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی اداروں سے وسیع مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال زائرین کو اربعین کے لیے سڑک کے ذریعے عراق اور ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ مشکل فیصلہ عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کے مفاد میں کیا گیا، زائرین اربعین میں شرکت کیلئے ہوائی سفر کر سکیں گے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ آنے والے دنوں میں زائرین کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروازوں کا انتظام کیا جائے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی، اس ملاقات میں وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کو زائرین کی نئی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی، جس پر وزیرِ اعظم نے وزیرِ ہوابازی کو زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ ملاقات میں بلوچستان کی امن و امان کہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔