’’معرکہ حق‘‘تجدیدِ عہدِ وفا، قومی وحدت اور عوامی شمولیت کی روشن علامت ہے،گورنر سندھ کامران ٹیسوری

اتوار 27 جولائی 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ’’معرکہ حق‘‘ صرف جشنِ آزادی کی ایک تقریب نہیں بلکہ تجدیدِ عہدِ وفا، قومی وحدت اور عوامی شمولیت کی ایک روشن علامت ہے۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان لیبر ڈویژن کے 66رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت رضوان بابر نے کی۔

اس موقع پر سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی سمیت دیگر ذمہ داران بھی شریک تھے۔ملاقات میں یومِ آزادی کے موقع پر ’’معرکہ حق‘‘ کی تقریبات، مزدور طبقے کو درپیش مسائل، روزگار کے مواقع، فلاحی اقدامات اور آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے شرکاء کو ہدایت دی کہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں سرگرم، منظم اور بھرپور انداز میں شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ محنت کش طبقے کی نمائندگی ہر سطح پر موثر انداز میں اجاگر ہو۔

انہوں نے محنت کشوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کی بنیاد مزدور طبقے کی انتھک محنت پر استوار ہے اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعائون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس اب محض ایک سرکاری عمارت نہیں رہا بلکہ یہ عوامی نمائندگی، شمولیت اور شراکت کی علامت بن چکا ہے، جس کے دروازے محنت کشوں سمیت ہر مخلص پاکستانی کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کا مزدور طبقہ ایک بااختیار، خوددار اور خوشحال طبقہ بنے جو نہ صرف معیشت کا محرک ہو بلکہ پالیسی سازی میں بھی موثر آواز اور فعال کردار رکھتا ہو۔گورنر سندھ نے اس ملاقات کو محنت کشوں کے حقوق کے فروغ، ان کے مسائل کو اعلی سطح تک پہنچانے اور قومی تقریبات میں ان کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کی جانب ایک مثبت اور عملی پیش رفت قرار دیا۔