سوات،خوازہ خیلہ مدرسہ تشدد کیس، 10 گرفتار ملزمان جیل منتقل، دو مرکزی ملزمان تاحال مفرور

اتوار 27 جولائی 2025 18:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ میں پیش آنے والے افسوسناک مدرسہ تشدد واقعے میں گرفتار 10ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کر دیا گیا ، جبکہ دو مرکزی نامزد ملزمان تاحال روپوش ہیں، جن کی تلاش کیلئے کوششیں جاری ہیں۔پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 21جولائی 2025کو خوازہ خیلہ کے ایک مدرسے میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر اساتذہ کے تشدد سے ایک طالب علم تیرہ سالہ فرحان جاں بحق ہو گیاتھا۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 10افراد کو گرفتار کیا، جن میں مدرسے کے منتظمین اور عملے کے افراد شامل ہیں۔پولیس کے مطابق دو مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔واقعے کے بعد مدرسے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش میرٹ پر ہو رہی ہے اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔