ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کیلئے بروقت تشخیص، موثر احتیاطی تدابیر اور عوامی سطح پر شعور اُجاگر کرنا ناگزیر ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اتوار 27 جولائی 2025 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک مہلک مگر قابلِ علاج مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے بروقت تشخیص، موثر احتیاطی تدابیر اور عوامی سطح پر شعور اُجاگر کرنا ناگزیر ہے،پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ایک سنجیدہ قومی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے نشاندہی کی کہ لاعلمی، غیر محفوظ طبی طریقے اور ناقص سرنجوں کا استعمال اس مرض کے پھیلاؤ کا بنیادی سبب ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے جامع قانون سازی، عطائی معالجین کے خلاف سخت اقدامات اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ فنڈز کی منظوری کو یقینی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اراکینِ پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں آگاہی مہمات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں تاکہ احتیاطی تدابیر اور اسکریننگ کی اہمیت عوام تک پہنچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک گیر اسکریننگ، ویکسینیشن اور مفت علاج کے ذریعے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں،ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا جو اس مرض کے خاتمے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بروقت اسکریننگ کروائیں، احتیاطی تدابیر اپنائیں اور صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شعور، عوامی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس نہ صرف انفرادی صحت بلکہ قومی ترقی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرض سے نمٹنے کے لیے جدید طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ عوامی شعور، احتیاطی تدابیر اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی صحتِ عامہ کو قومی ترجیح دیتے ہوئے مؤثر قانون سازی، نگرانی اور شعور کی بیداری میں مسلسل فعال کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اسمبلی ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔