Live Updates

حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور غربت کو کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،وزیرمملکت بلال اظہر کیانی

اتوار 27 جولائی 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بحران کے دہانے سے نکل کرکامیابی کے ساتھ بحالی اور استحکام کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی جو کہ 20 فیصد سے اوپر تھی اب اسے 4.5 فیصد پر لایا گیا ہے جو کہ حکومت کی موثر مانیٹری اور مالیاتی پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے اس تبدیلی کا سہرا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی بروقت حمایت اور قومی مفاد میں کئے گئے مشکل لیکن ضروری معاشی فیصلوں کو دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے فوری اقدامات اور اصلاحات کے ذریعے نہ صرف ملک کو معاشی بحران سے نکالا بلکہ معاشی استحکام کی بنیاد بھی رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ حالیہ وفاقی بجٹ سماجی تحفظ اور جامع ترقی کے لیے حکومت کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے لیے مختص رقم میں نمایاں اضافے کے حوالے سےکہاکہ اس کا بنیادی مقصد عالمی چیلنجز کے دوران ملک کے سب سے زیادہ کمزور طبقات کو مالی امداد کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور غربت کو کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے حالیہ ٹیرف اصلاحات کی طرف بھی اشارہ کیا جن کا مقصد صنعتی مسابقت کو بہتر بنانا ہے۔ ان میں خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مینوفیکچرنگ اور برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے ضروری خام مال اور مشینری پر درآمدی محصولات کو کم کرنا شامل ہے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات