محکمہ ایکسائز بلوچستان نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی،سمگلر گرفتار، 05 کلوگرام آئس برآمد

اتوار 27 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) محکمہ ایکسائز بلوچستان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سمگلر کو گرفتار کر کے 05 کلوگرام آئس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات بلوچستان نے انسداد منشیات مہم کے تحت ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے سریاب روڈ پر خفیہ اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں 05 کلوگرام مہلک نشہ آور آئس برآمد کی گئی، محکمہ کے افسران نے کہا کہ یہ کارروائی سیکرٹری ایکسائز، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز (نارتھ زون) اور ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کی واضح اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں دفتر ایکسائز IX کی تربیت یافتہ ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمت عملی کے تحت عمل میں لائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارروائی کے دوران ایک منشیات سمگلر کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے ،ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔