گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب

پیر 28 جولائی 2025 11:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وائس چانسلرگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیرنے کہا ہے کہ "قومیں ہمیشہ ان عظیم فرزندوں کی مرہونِ منت ہوتی ہیں جو اپنے لہو سے تاریخ لکھتے ہیں۔ کیپٹن محمد سرور شہید کا نام صرف ایک فوجی اعزاز نہیں، بلکہ حُب الوطنی، شجاعت اور ایثار کی وہ زندہ علامت ہے جس نے پاکستانی قوم کے سینے میں غیرت و وقار کی نئی روح پھونکی۔

اُن کی شہادت نے یہ ثابت کیا کہ مٹی سے وفا کرنے والے، اپنے لہو کی قیمت پر آنے والی نسلوں کا تحفظ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی بیٹیاں آج ان کے نقشِ قدم پر چلنے کا عزم رکھتی ہیں ، وہ علم، کردار اور قومی خدمت کے میدان میں اپنی شناخت بنانے کی جانب رواں دواں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید کا پیغام ہمارے تعلیمی مشن کا حصہ ہےکہ جو قوم اپنے شہداء کو بھول جائے، وہ اپنا مستقبل کھو بیٹھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی طالبات کو یہ سکھا رہے ہیں کہ قلم کو ہتھیار بنانا بھی ایک جہاد ہے اور تعلیم کے ذریعے قوم کی خدمت کرنا بھی ایک فرض ہے۔ہم سلام پیش کرتے ہیں اُس بہادر سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کو جس نے حیات کو وطن پر قربان کر کے امر کر دیا۔

متعلقہ عنوان :