نوشہرو فیروز،پسند کی شادی پر جھگڑامیں قتل ہونے والے دو نوجوانوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

پیر 28 جولائی 2025 11:50

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ٹھاروشاہ کے قریب پسند کی شادی پر ہونے والے جھگڑے میں مستوئی برادری کے دو نوجوانوں کے قتل کے ملزمان گرفتار نہ ہونے پر ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹھاروشاہ کے نواحی گاؤں ہمل مستوئی میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے مہر النساء سیال اور خان محمد مستوئی نے عدالت میں پسند کی شادی کی تھی۔

شادی کے بعد سیال اور مستوئی برادریوں کے درمیان جھگڑا ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں صفدر مستوئی اور پیارو مستوئی جاں بحق ہوگئے تھے۔واقعہ کے بعد مستوئی برادری کی جانب سے اکبر مستوئی، امجد مستوئی، امتیاز مستوئی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے نوجوانوں کو گاؤں پر حملہ کر کے سرعام شیر سیال، حبیب اللہ سیال، مظفر سیال نے گولیاں مار کر قتل کیا، لیکن اس کے باوجود پولیس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزمان اسلحہ لے کر کھلے عام گھوم رہے ہیں اور روزانہ ہمارے گاؤں پر فائرنگ کرتے ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ، ایس ایس پی نوشہروفیروز اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قتل کیس میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف دیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔\378