ویمن کرکٹرز پر اعتماد کی ضرورت ہے، کپتان فاطمہ ثنا

کراچی کا موسم فٹنس کیمپ کے لیے سازگار رہا، ایک ماہ کے دوران کھلاڑیوں نے ٹریننگ کو مختلف انداز سے یقینی بنایا‘ پریس کانفرنس

پیر 28 جولائی 2025 15:08

ویمن کرکٹرز پر اعتماد کی ضرورت ہے، کپتان فاطمہ ثنا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ کا شیڈول جاری ہو گیا ہے، کپتان فاطمہ ثنا نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ویمن کرکٹرز پر اعتماد کی ضرورت ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم 6 سے 10 اگست تک 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی، تمام میچز ڈبلن میں ہوں گے، جب کہ فاطمہ ثنا دورہ آئرلینڈ میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔

ویمنز ٹیم کا اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے، اس سلسلے میں فاطمہ ثنا نے بتایا کہ کراچی کا موسم فٹنس کیمپ کے لیے سازگار رہا، ایک ماہ کے دوران کھلاڑیوں نے ٹریننگ کو مختلف انداز سے یقینی بنایا۔فاطمہ ثنا نے کہا کوالیفائرز میں ناقابل شکست رہ کر ورلڈ کپ کھیلیں گے، دورہ آئرلینڈ کے لیے ہر کھلاڑی کو اس کا رول بتا دیا گیا ہے، ماضی کے برعکس پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے، پاکستان ویمن ٹیم آئرلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر پریکٹس کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا میں اپنی کپتانی کو انجوائے کرتی ہوں، میری کوشش یہی رہتی ہے کہ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں اپنا کردار نبھاؤں، ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کوشش کریں گے پریشر نہ لیں۔پاکستان ویمنز ٹیم کے بولنگ کوچ جنید خان نے پریس کانفرنس میں کہا ہمارا فوکس ورلڈ کپ ہے، اور ہم ماڈرن ڈے کرکٹ کی طرف جا رہے ہیں، کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہمارے بولرز نے اچھی پرفامنس دی ہے۔

ان کا کہنا تھا 50اوور میں ضروری ہوتا ہے کہ اسٹرائیک کو روٹیٹ کریں، باؤنڈری کے مقابلے سنگلز زیادہ ہوتے ہیں، ہم نے آئرلینڈ کی کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے تیاری کو یقینی بنایا ہے، موجودہ موسم میں آئرلینڈ کی کنڈیشن پاکستان سے ملتی جلتی ہے۔جنید خان نے کہا میں نے جتنی کرکٹ کھیلی جارحانہ انداز کے ساتھ کھیلی ہے، انگلینڈ میں بائیو میکنک کورس کی کلاسیں بھی لی ہیں، کھلاڑیوں کو اچھے ماحول میں پریکٹس اور کھلانے کی کوشش کرتا ہوں، چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا ہمیں ویمنز ٹیم کو اوپر لے کر جانا ہے۔