آسٹریلیا ویسٹ انڈیزٹی 20 میچ ، دونوں ٹیموں نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالے

پیر 28 جولائی 2025 15:37

آسٹریلیا ویسٹ انڈیزٹی 20 میچ ، دونوں ٹیموں نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالے
جمیکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھے ٹی 20 میچ میں فتح کینگروز کے ہاتھ آئی لیکن اس کے ساتھ دونوں ٹیموں نے عالمی ریکارڈ بھی بنا ڈالے۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو مسلسل چوتھے ٹی 20 میچ میں شکست دی تو اس کے ساتھ ہی ایک قابل فخر عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ہاتھ منفی ریکارڈ آیا۔آسٹریلین ٹیم نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دی تو اس کے ساتھ وہ کینگروز وہ ٹیم بن چکی تھی جس نے ایسا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو اس سے قبل کسی اور ٹیم نے نہیں بنایا تھا۔ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا نے یہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں یہ چھٹا موقع تھا، جب آسٹریلیا نے 200 یا اس سے زائد رنز کا ہدف حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو اس میچ میں شکست ہی نہیں ملی، بلکہ ایک منفی ریکارڈ بھی اس کے نام کے آگے سج گیا۔ویسٹ انڈیز واحد ٹیم بن گئی جو 200 سے زائد رنز کا دفاع کرنے میں سب سے زیادہ ناکام رہی ہے۔ کیریبئن سائیڈ چھٹی بار ڈبل سنچری سے زائد ٹارگٹ کا دفاع نہ کر سکی۔دریں اثنا ٹی 20 انٹرنیشنل میں 200 یا اس سے زائد کا پانچ پانچ بار ہدف حاصل کر کے پانچ پانچ فتوحات کے ساتھ بھارت اور جنوبی افریقہ آسٹریلیا سے پیچھے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی 20 میچ منگل 29 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔