سابق بھارتی کپتان نے ایشیا کپ میں بھارت کے پاکستان سے کھیلنے کی مخالفت کر دی

اگر پاکستان سے دو طرفہ سیریز نہیں ہوتی تو پھر دونوں ٹیموں کا ایشیا کپ میں بھی مقابلہ نہیں ہونا چاہیے : محمد اظہر الدین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 جولائی 2025 12:34

سابق بھارتی کپتان نے ایشیا کپ میں بھارت کے پاکستان سے کھیلنے کی مخالفت ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جولائی 2025ء ) شکوک وشبہات کے بادل چھٹنے کے بعد ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوگیا تاہم سابق بھارتی کپتان نے انڈیا کے پاکستان سے کھیلنے کی مخالفت کر دی۔
ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی جہاں شائقین کرکٹ پاک بھارت ٹاکرے کا انتظار کر رہے ہیں، وہیں اس بڑے میچ کی مخالفت میں بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

 
ان میں سابق بھارتی کپتان اظہر الدین کی آواز بھی شامل ہے، جنہوں نے ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے مقابلے کی مخالفت کی ہے، تاہم ان کی مخالف مخاصمت یا تعصب پر مبنی نہیں بلکہ بھارت کے پاکستان سے باہمی سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہے۔
اظہر الدین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سے دو طرفہ سیریز نہیں ہوتی، تو پھر دونوں ٹیموں کا ایشیا کپ میں بھی مقابلہ نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میرا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ جو بھی ہو مکمل طریقے سے ہو۔ اگر آپ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتے، تو پھر بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھی ایک دوسرے کے مقابلے پر نہیں آنا چاہیے۔
سابق بھارتی کپتان نے برطانیہ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کیخلاف میچ سے بھارتی کھلاڑیوں کے دستبردار ہونے کے معاملے کو بورڈ اور حکومت کا معاملہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور شیڈول کے مطابق ان کے درمیان پہلا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا۔
ایشیا کپ میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور راؤنڈ میچ کے بعد سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم کو تین تین میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ 2 ٹاپ ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل میں ٹکرائیںگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان 17 سال سے باہمی ٹیسٹ سیریز اور 13 سال سے ون ڈے سیریز نہیں ہوئی ہے۔ 
دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی یا اے سی سی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتی ہیں۔