لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت

پیر 28 جولائی 2025 17:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ڈی جی کو طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ وہ شہر میں جاری تعمیراتی کاموں سے متعلق عدالت کو آگاہ کریں۔ عدالت نے واسا کو حکم دیا کہ جمعہ تک تمام تعمیراتی کام مکمل کیے جائیں، بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عدالت نے محکمہ ماحولیات سے ہیوی ٹریفک اور موٹر سائیکلوں سے متعلق بھی منصوبہ طلب کرلیا۔عدالت نے ٹیپا کو ایک ماہ میں جیل روڈ، مال روڈ اور ایم ایم عالم روڈ اور سروس روڈز کی مرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سروس روڈز کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دوران سماعت عدالت نے پنجاب حکومت کے یلو ٹرین منصوبے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو آئندہ سماعت پر تمام تفصیلات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے سوموار کے روز سماعت پر واسا کے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ ، اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ ،ممبران ماحولیاتی کمیشن ،سمیت دیگر محکموں کے افسران عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کیں دوران سماعت عدالت نے سوال اٹھایا کہ جو ای بائیکس لی گئی تھیں، وہ کہاں چل رہی ہیں؟ کیا وہ گھروں میں استعمال ہو رہی ہیں؟ اس پر ای پی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس حوالے سے پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے جو جلد ہی جوڈیشل واٹر کمیشن سے شیئر کی جائے گی۔

محکمہ ماحولیات کے وکیل نے بھی عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ پالیسی عدالت کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملتان میٹرو بس پر اربوں روپے ضائع کیے گئے، یلو ٹرین منصوبے کے خلاف نہیں، لیکن اس میں بین الاقوامی ماہرین کو شامل کیا جانا چاہیے۔عدالت نے امید ظاہر کی کہ حکومت کینال روڈ منصوبے پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔

واسا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ واسا کا کام مکمل ہو چکا ہے، اب ٹیپا اور ایل ڈی اے نے سڑک کی تعمیر کرنی ہے۔ تاہم جوڈیشل واٹر کمیشن کے رکن نے بتایا کہ واسا کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ، کام تاحال جاری ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔عدالت عالیہ کے روبرو درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود سموگ کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے سموگ بڑھ رہی ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہا ئی خطرناک ہے، عدالت سموگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دے ۔