کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر کی زیر صدارت معرکہ حق اور 14 اگست 2025 ء جشن آزادی پاکستان کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

پیر 28 جولائی 2025 17:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر کی زیر صدارت کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں معرکہ حق اور 14 اگست2025 ء جشن آزادی پاکستان کی تیاریوں بارے اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس سی مینگورہ سوات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (جنرل و فنانس) سوات، ریجنل میونسپل آفیسر ملاکنڈ، اسسٹنٹ کمشنرز (بابوزئی، چارباغ، مٹہ)، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن (مردانہ و زنانہ) سوات، زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈویژنل فارسٹس آفیسر کالام نے شرکت کی جبکہ چیف کنزرویٹر آف فارسٹس، ملاکنڈ ڈویژن کے باقی ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

کمشنر ملاکنڈ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے معرکہ حق اور 14 اگست 2025 ء جشن آزادی کو قومی جوش و جذبہ سے منانے کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات سے شرکاء کو آگاہی دی۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ اس دفعہ جشن آزادی کو بھر پور قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے 7 اگست سے 14 اگست 2025 ء تک ہفتہ آزادی کے طور پر منایا جائیگا۔ کمشنر ملاکنڈ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ضلعی محکمہ جات کیساتھ اجلاس منعقد کرنے اور معرکہ حق اور جشن آزادی کو شایان شان منانے کیلئے اپنے اپنے پروگرامز و سرگرمیوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

کمشنر ملاکنڈ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو تعلیمی درسگاہوں میں تقریری و قومی ترانوں، مختلف کھیلوں، آرٹس و فن پاروں کے مقابلے منعقد کرانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اپر سوات ڈویلپمنٹ و کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھاریٹیز، متعلقہ تحصیل میونسپل انتظامیہ کوسیاحتی مقامات میں 7 اگست سے 14 اگست 2025 ء تک خصوصی ہفتہ آزادی صفائی مہم چلانے کی ہدایت کی۔

کمشنر ملاکنڈ نے چیف کنزرویئٹر آف فارسٹس ملاکنڈ سے 7 اگست سے 14 اگست 2025 ء کے دوران خصوصی شجر کاری مہم ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ جشن آزادی کے موقع پر ملاکنڈ ڈویژن کے سیاحتی مقامات میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے متعلقہ ضلعی پولیس خصوصی سکیورٹی و ٹریفک پلان ترتیب دینگے۔ کمشنر ملاکنڈ نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام سے اپیل کی کہ اس معرکہ حق و جشن آزادی کو قومی جوش و ولولے سے منانے کیلئے اپنے اپنے گھروں، محلوں اور گاڑیوں کو پاکستانی جھنڈو ں سے مزئین کریں۔