سیالکوٹ،2 کم سن بہن بھائیوں کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا

دونوں بچوں کی لاشیں آج قبرستان سے مل گئیں،6 سالہ ام کلثوم اور 3 سالہ وارث کو گزشتہ روز تھانہ صدر کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا،ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 جولائی 2025 15:50

سیالکوٹ،2 کم سن بہن بھائیوں کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا
سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی 2025) سیالکوٹ میں 2کم سن بہن بھائیوں کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا، دونوں بچوں کی لاشیں آج قبرستان سے مل گئیں،اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوفیصل شہزاداور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور لاشو ں کو ضروری کارروائی کیلئے بھجوادیا گیا،پولیس کے مطابق 6 سالہ ام کلثوم اور 3 سالہ وارث کو گزشتہ روز تھانہ صدر کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔

جن کے اغواء کی رپورٹ اہلخانہ کی جانب سے درج کروائی گئی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہرپہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں اور اصل حقائق جلد آجائیں گے۔ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکپتن میں نامعلوم افراد نے کمسن بچے کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق کرمانوالہ چوک میں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے ساڑھے 4 سالہ محمد احمد کو گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق بچے کی والدہ اپنے بیٹے کو بچوں کے ساتھ کھیلتا چھوڑ کر سودا سلف لینے گئی تھی۔ واپس آنے پر دیکھا کہ بچہ زخمی حالت میں زمین پر پڑا تھا۔ بچے کو فوراً تشویشناک حالت میں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

پولیس نے بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تھا۔ پولیس نے دو ملزمان گرفتار کرلئے تھے۔قبل ازیں بھی کوٹ رادھا کشن میں 12 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد گلہ کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلہ کاٹ کر بچی کو کھیتوں میں پھینک دیا گیاتھا۔ نامعلوم شخص نے بچی کو کھیتوں میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمی لڑکی کو فوری طور پرقریبی ہسپتال منتقل کر دیا مگر بچی جانبر نہ ہو سکی تھی اور دم توڑ گئی تھی لڑکی کی تاحال شناخت نہ ہو سکی تھی۔ پولیس نے کارروائی شروع کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی تھی۔