Live Updates

صدر مملکت کا جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے یکجہتی کا اظہار

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:21

صدر مملکت   کا جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے یکجہتی کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور دلی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان ہزاروں لوگوں کو درپیش بے پناہ مشکلات کا ذکر کیا جو اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں اور جن کا روزگار سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ حکومت اس نازک وقت میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچائو، ریلیف اور بحالی کی کارروائیاں صوبائی حکام، مسلح افواج اور انسانی ہمدردی کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ جاری ہیں تاکہ ضرورت مندوں کو ضروری امداد فراہم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

حکومت نے زراعت اور مویشیوں کے بڑے نقصان کے پیش نظر بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے ملک میں زرعی ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

اس اہم قدم کا مقصد کسانوں کا تحفظ، خوراک کی حفاظت اور زرعی شعبے کی تیزی سے بحالی کو یقینی بنانا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ متحد اور چوکس رہنے کے ساتھ ساتھ جاری امدادی کوششوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات اور طویل مدتی بحالی کے لیے تمام ضروری وسائل کی فراہمی کو جاری رکھے گی۔\932
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات