Live Updates

سیلابی صورتحال بہتر ہوتے ہی پنجاب حکومت تمام متاثرین کے نقصانات کے ازالہ بارے ہر ممکن اقدامات کرے گی،مریم اورنگزیب

جمعہ 12 ستمبر 2025 12:46

سیلابی صورتحال بہتر ہوتے ہی پنجاب حکومت تمام متاثرین کے نقصانات کے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال بہتر ہوتے ہی پنجاب حکومت تمام متاثرین کے نقصانات کے ازالہ بارے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعہ کو شجاع آباد،موضع دھوندو کے قریب دریا چناب کے حفاظتی بند کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مریم اورنگزیب موضع دھندو کے قریب حفاظتی بند میں دوبارہ شگاف پڑنے کی اطلاع پر صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، کاظم علی پیرزادہ ،رانا سکندر حیات کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچیں۔

سینئر صوبائی وزیر نےشگاف کے باعث امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور بریفنگ بھی لی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے موضع دھوندو میں پڑنے والے شگاف کو پر کرنے کا آپریشن جاری ہے،ملحقہ آبادیوں کو خالی کرایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلالپور پیر والہ کے سیلابی علاقوں سے ریکارڈ وقت میں مکینوں کو منتقل کیا گیا،سیلابی صورتحال میں شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہوکر جان کی حفاظت یقینی بنائیں،سیلابی پانی اترتے ہی تمام متاثرین کے نقصانات کے ازالہ بارے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات کرے گی،متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی، تباہ شدہ گھروں اور انفرااسٹرکچر کی بحالی اور نقصانات کے سروے سمیت متاثرین کو خوراک، پانی، ادویات اور عارضی پناہ گاہیں بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کی بحالی میں مدد مل سکے۔

بعد ازاں مریم اورنگزیب نے گردیز پور نالے کا بھی دورہ کیا، وہاں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور خصوصی ہدایات جاری کیں ۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر مریم اورنگزیب مسلسل تیسرے روز سے شجاع آباد اور گرد نواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحرک ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات