راولپنڈی، جرگے کے حکم پر قتل کی گئی سدرہ کی قبرکشائی کے بعد پوسٹمارٹم مکمل، معائنہ کے بعد دوبارہ تدفین

عدالتی حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں چھتی قبرستان پیرودھائی میں قبر کشائی کی گئی، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، فرانزک ٹیم کی جانب سے مقتولہ کی لاش کے نمونے بھی حاصل کرلئے گئے، مقتولہ سدرہ عرب گل کی قبر کشائی کا عمل دو گھنٹے جاری رہا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 جولائی 2025 16:15

راولپنڈی، جرگے کے حکم پر قتل کی گئی سدرہ کی قبرکشائی کے بعد پوسٹمارٹم ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی 2025) راولپنڈی جرگے کے حکم پر شادی شدہ خاتون کو قتل کرنے کے کیس میں عدالتی حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی کی گئی ، لڑکی کی قبرکشائی کے بعد پوسٹمارٹم مکمل کرلیا گیا، معائنہ کے بعد لڑکی کی دوبارہ تدفین کر دی گئی، عدالتی حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں چھتی قبرستان پیرودھائی میں قبر کشائی کی گئی۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس قبر کشائی کے سلسلے میں آج گرفتار ملزمان کو قبرستان لے کر آئی جن سے مقتولہ کی قبر کی نشاندہی کرا کر قبر کشائی کی گئی۔ فارنزک ٹیم کی جانب سے مقتولہ کی لاش کے نمونے بھی حاصل کئے گئے۔ہولی فیملی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر مصباح کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم موقع پر موجود رہی۔

(جاری ہے)

عدالتی مجسٹریٹ کے معائنے کے بعد ٹی ایم اے کے عملے نے قبر کھودنے کا عمل شروع کیا۔

اس موقع پر 2 ملزمان، گورکن راشد اور قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری سیف الرحمٰن کو بھی نشاندہی کیلئے لایا گیا تھا۔قبر کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ایلیٹ فورس اہلکار قبرستان میں تعینات رہے جبکہ قبر کے اردگرد قناتیں اور شامیانے لگائے گئے تھے۔مقتولہ سدرہ عرب گل کی قبر کشائی کا عمل دو گھنٹے جاری رہا۔ پولیس افسرانز ڈاکٹرز ٹیم اور علاقہ مجسٹریٹ بھی موقع پر موجود تھے۔

بعد ازاں مقتولہ کے سیمپل فارنزک ٹیسٹ کیلئے لیب بھیجے گئے۔ڈاکٹرز کی ٹیم نے مقتولہ کی ڈیڈ باڈی کے نمونے حاصل کئے اور علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں لاش کے پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کیا گیا۔ قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کے بعد خاتون کی دوبارہ تدفین کر دی گئی۔ معائنے کے دوران مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔

سیمپل لینے کے بعد کفن پہنا کر دوبارہ تدفین کردی گئی۔دریں اثنا پولیس نے سابق وائس چیئرمین عصمت اللہ سمیت مزید 3 ملزمان کی اس کیس میں گرفتاری ڈال دی ہے اور تمام 6 ملزمان کو قبر کی  نشاندہی کیلئے قبرستان لایا گیا جب کہ شناخت کیلئے مقتولہ سدرہ کے دوسرے شوہر عثمان اور اس کے والد کو بھی شناخت کیلئے قبرستان میں موجود رکھا گیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کیلئے جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا جہاں عدالت سے ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ طلب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں سدرہ کو غیرت کے نام پر قتل کر کے خاموشی سے دفن کر دیا گیا تھا۔ پولیس تحقیقات کے مطابق سدرہ کو گھر سے بھاگنے پر جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا۔ بعد ازاں اسے رات کی تاریکی میں قبرستان میں دفن کر کے نشانات مٹا دیئے گئے تھے۔سدرہ عرب گل نامی شادی شدہ خاتون کو عثمان نامی لڑکے سے تعلق کے شبے میں جرگے کے فیصلے کے مطابق قتل کیا گیا تھا۔ 19 سالہ سدرہ کا نکاح 17 جنوری کو ضیاالرحمان سے ہوا تھا۔ تاہم عثمان کے والد نے بھی ایک بیان میں بتایا تھاکہ انہوں نے اپنے بیٹے کا سدرہ کے ساتھ عدالت میں نکاح کروایا تھا۔