نسلِ نو میں مثبت رجحانات کے فروغ کے لئے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا ،صائمہ منظور

پیر 28 جولائی 2025 18:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا صائمہ منظور نے کہا ہے کہ نسلِ نو میں مثبت رجحانات کے فروغ کے لئے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا جن میں جوڈو اورکراٹے جیسے دفاعی کھیل نہ صرف انسانی صحت کیلئے زیادہ موزوں ہیں بلکہ ان سے نوجوانوں طلباء و طالبات میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کراٹے چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیلف ڈیفنس کے نظریہ سے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کا کراٹے جیسے کھیل سے وابستہ ہونا ہر لحاظ سے خوش آئند ہے اور اس حوالہ سے عملی اقدامات کے فروغ پرچیئرمین کراٹے ایسوسی ایشن امیر افضل اعوان اور اُن کی ٹیم مبارکباد کے حقدار ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو منفی رجحانات سے بچانے کیلئے انہیں کھیلوں کی طرف راغب کرنا ہوگا۔

ڈویژنل چیئرمین کراٹے ایسوسی ایش سرگودھا امیر افضل اعوان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات میں ہم ہر ممکنہ کردار ادا کر رہے ہیں، سرگودھا کے طلباء اور طالبات کراٹے کے کھیل میں نہ صرف مقامی و ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور یہ کام جاری رہے گا۔ کراٹے کے نیشنل کوچ ظہور احمد نے بتایا کہ ڈویژنل کراٹے چیمپئن شپ میں سرگودھا کے چاروں اضلاع سے 150 سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا جن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی صوبائی و ملکی سطح کے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے اور عالمی سطح پرکامیابی کے جھنڈے گاڑ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

آخر میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا صائمہ منظور نے چیمپئن شپ میں نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔