ایس پی کینٹ عبد الرحیم کے شہید ٹریفک اہلکاروں ایس آئی ستار خان، سجاد خان، مسلم خان اور امجد خان کی قبروں پر حاضری و سلامی

پیر 28 جولائی 2025 18:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے 4 اگست کو بطور یوم شہدائے پولیس منانے کیلئے شہید اہلکاروں کی قبروں پر سلامی کا سلسلہ شروع کردیا۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایت پر ایس پی کینٹ عبد الرحیم نے شہید ٹریفک اہلکاروں ایس آئی ستار خان، سجاد خان، مسلم خان اور امجد خان کی قبروں پر حاضری دی اور سلامی پیش کرنے کے بعد قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

واضح رہے کہ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور چیف کیپٹل پولیس قاسم علی خان کی ہدایات کی روشنی میں یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے تمام پروگراموں کو ختمی شکل دیدی ہے اور ماضی کی طرح امسال بھی شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 4 اگست 2025 کو یوم شہدائے پولیس کے طور پر منایا جائے گا، ہفتہ شہداء کی مناسبت سے منعقدہ پروگراموں میں شہدائے پولیس کی قبروں پر حاضری وسلامی دی جائے گی جبکہ شہداء کیمپ لگانے سمیت شہدائے پولیس کی یاد میں مقامی سطح پر تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے ایصال ثواب کے لئے ختم القرآن، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ یوم شہداء پولیس کے منانے کا مقصد انہیں خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کو یاد کرنا ہے کیونکہ یہ ہماری فورس کا اہم حصہ رہے ہیں اور انہوں نے وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں دی ہیں شہدائے پولیس ہمارے اصل ہیروز ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آج مملکت خداداد میں امن قائم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں جس کا ثبوت آئی جی رینک سے لے کر کانسٹیبل تک پولیس افسران کی شہادت ہے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی اور سب سے زیادہ شہادتیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے لواحقین خود کو کسی طور پر بھی تنہا نہ سمجھیں پوری پولیس فورس ان کے ساتھ ہر خوشی اور غم کے موقع پر کھڑی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز کیلئے قربان کیے ہیں جن کی قربانی کسی طور پر بھی رائیگاں نہیں جانے دی جائیگی اور نہ ہی ان کو بھلایا جائیگا کیونکہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں وہ دنیا کی تاریخ سے مٹ جاتی ہیں۔