وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور الزبتھ ہورسٹ کی ملاقات، دوطرفہ تجارتی مواقع پر تبادلہ خیال

پیر 28 جولائی 2025 18:53

وفاقی وزیر خزانہ  سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور الزبتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر (ناظم الامور) الزبتھ ہورسٹ نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور پاکستان و امریکہ کے مابین دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے امریکہ کی طویل المدتی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصاً گزشتہ ڈیڑھ سال میں میکرو اکنامک استحکام کے حصول میں امریکی معاونت کو سراہا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط میں بہتری کو خوش آئند قرار دیا۔وزیر خزانہ نے حالیہ دورہ امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی سیکرٹری برائے تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندہ ایمبیسڈر جیمیسن گریر سے اپنی نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون میں پیش رفت کو حوصلہ افزاء قرار دیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان روایتی شعبوں سے آگے بڑھ کر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں کو باہمی فائدے کے لیے اہم مواقع کے طور پر اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے ہورسٹ کو پاکستان کے حالیہ معاشی اشاریوں سے بھی آگاہ کیا جن میں خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے ٹیکس اصلاحات اور توانائی کے شعبے میں مجوزہ اصلاحات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد پائیدار اور طویل مدتی معاشی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ مزید برآں انہوں نے مشرق وسطیٰ کی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کے کامیاب داخلے، اولین پانڈا بانڈ کے اجراء کے منصوبے اور یورو و امریکی ڈالر بانڈ مارکیٹس تک رسائی کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔

الزبتھ ہورسٹ نے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحات پر مبنی پالیسیوں کو سراہا اور امریکہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں معاشی و سیاسی استحکام کے لیے امریکی حمایت کو دہرایا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اور مضبوط کاروباری شراکت داری کی امید ظاہر کی۔ملاقات میں دونوں جانب سے اس عزم کا ااظہار کیا گیا کہ موجودہ مثبت روابط کو بنیاد بنا کر دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔