صحت مند سہولتوں کے فروغ پر نیلم سپورٹس فیسٹول کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

پیر 28 جولائی 2025 19:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ صحت مند سہولتوں کے فروغ پر نیلم سپورٹس فیسٹول کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں، سیاحت کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری کو یقینی بنایا ہے، ہم نے ریاست کے وسائل عوام پر خرچ کیے ہیں، نوجوانوں کا کسی بھی معاشرے میں مثبت تبدیلی کو فروغ دینے میں اہم کردار ہوتا ہے ، نسل نو ہی ہماری امید ہیں ، نسل نو کے بہترین مستقبل کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے ، سیاحت کے فروغ کے لیے شاہراہ نیلم کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کردئیے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے جاگراں ڈبہ کے طارق شہید کرکٹ گراؤنڈ میں نیلم سپورٹس فیسٹیول سیزن 2 کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزرائے حکومت چوہدری محمد رشید ، پیر محمد مظہر سعید شاہ ، سردار جاوید ایوب اور میاں عبدالوحید بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ جاگراں ڈبہ کے طارق شہید کرکٹ گراؤنڈ کو سٹیڈیم بنائیں گے ، محکمہ سپورٹس آزادکشمیر اس گراؤنڈ کو سٹیڈیم بنانے میں اپنا حصہ ڈالے گا ، اس حوالے سے محکمہ سپورٹس کو احکامات دے دئیے ہیں ، جاگراں ویلی کی تمام سڑکوں کے مسائل حل کریں گے یہاں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے پرائیویٹ پبلک سیکٹر پارٹنرشپ ناگزیر ہے ، ٹورازم کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کو فوکیت دینا ہو گی ، ہمیں برق رفتار ترقی کو فروغ دینے کے لیے ماحول کو سازگار بنانا ہوگا ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ برفانی علاقوں کی سڑکات کی تعمیر کے لیے 3 ارب دئیے ہیں ، ابھی حکومت کو ریکرنگ اور فیڈرل گرانٹ نہیں ملی ، یہاں فنڈز حکومت نے کفایت شعاری کی پالیسی سے ہونے والی بچت میں سے دئیے ہیں ، میری کوشش تھی کہ دور آفتادہ اور پہاڑی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بروقت فنڈز دئیے جائیں، انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بنیادی ضروریات کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے ، اس حوالے سے ایک خطیر رقم صحت و تعلیم پر خرچ کرنے جارہے ہیں ، آزادکشمیر کے شہریوں کامعیار زندگی بہتر بنائیں گے ، مسائل کے خاتمے کے لیے میرٹ اور انصاف کو فروغ دیا ہے ،یہاں کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کردار نبھانے کو سرہاتے ہیں ،یہی سوچ و فکر زندہ معاشرے کے لیے نوید سحر ہے ، انھوں نے کہا کہ نوجوانوں نے ذہنی انتشار کو رد کرنا ہے ، مثبت سوچ کو فروغ دے کر معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ، موجودہ حکومت نے پی ایس سی کو فعال کیا ، این ٹی ایس کے ذریعے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں مہیا کیں ہیں ، نوجوان امید نو ہیں ، ایک بات کہنا چاہوں گا، قیادت ایماندار ہو تو گورننس کی بہتری کے اثرات نیچے تک پہنچنا شروع ہو جاتے ہیں ، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اجتماعی اصلاح کی ضرورت ہے ،نوجوانوں کے مثبت کردار سے ہی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے ، مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔

تقریب کے آخر میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی نیلم سپورٹس فیسٹیول نے شیلڈ پیش کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے فائنل کی ونر ٹیم سٹار الیون جاگراں کو ٹرافی اور نقد انعامات بھی دیئے۔