اسلام آباد ہائیکورٹ،بحریہ ٹائون پراپرٹیز کی نیلامی پر جاری حکم امتناع خارج کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری

پیر 28 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بحریہ ٹائون پراپرٹیز کی نیلامی پر جاری حکم امتناع خارج کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔پیر کے روز نیب کی متفرق درخواست پر سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ ملزمان نے پلی بارگین کیا لیکن رقم ادائیگی نہ کرنے پر پراپرٹیز کی تفصیلات طلب کی گئیں۔

نیب کے پراپرٹیز کی تفصیلات فراہمی کے نوٹس کو ٹرائل کورٹ میں چیلنج کیا گیا،درخواست خارج ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا اورسٹے مل گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اسی طرح کی پٹیشن لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں بھی دائر کی گئی تھی،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ راولپنڈی بنچ نے درخواست گزاروں کو کہا کہ آپ آکشن کمیٹی کے سامنے جائیں، وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اسٹے آرڈر کا سہارا لینے کی کوشش کی لیکن وہ بھی مسترد ہوئی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کی سٹے ختم کرنے کی درخواست پر دوسرے فریق کو نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ نیب نے پراپرٹیز کی 7 اگست کو نیلامی کیلئے اشتہار دے رکھا ہے،استدعا ہے کہ پراپرٹیز کی نیلامی پر حکم امتناعی ختم کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آئندہ سماعت کیلئے 7 اگست سے پہلے کی تاریخ رکھ رہے ہیں، دوسرا فریق اگر آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 4 اگست تک ملتوی کر دی۔