امریکا کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کرے گا

منگل 29 جولائی 2025 10:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) امریکا کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کرے گا۔ تاس کے مطابق کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیت نے کہا ہے کہ امریکا نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جنگ بندی کی پابندی کی نگرانی کرنے اور اسے قائم رکھنے میں مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔وزیر اعظم ہن مانیت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ امریکا جنگ بندی کی نگرانی میں حصہ لے گا اور اس کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو تھائی فوج نے کمبوڈیا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے سرحد پر کمبوڈیا کی طرف سے ایک نئی جھڑپ کی اطلاع دی تھی۔ تاہم، تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیر اعظم پھمتھم وےچایچائی نے کہا کہ سرحد پر صورتحال اب پر سکون ہے۔دوسری جانب، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے کوالالمپور میں تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیر اعظم اور کمبوڈیا کے وزیر اعظم کے درمیان بات چیت کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ پانچ روز تک جاری رہنے والی سرحدی جھڑپوں کے بعد 28 اور 29 جولائی کی درمیانی رات 12 بجے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہوا۔