خلیج تعاون کونسل کی مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت

منگل 29 جولائی 2025 11:53

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ کونسل کے وزرائے خارجہ کے رابطہ اجلاس نے دو ریاستی حل پر عمل درآمد کی غرض سے عالمی اتحاد کے قیام کے لیے سعودی عرب کے اقدام کی حمایت کی توثیق کی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔امارات نیوز ایجنسی وام نے جی سی سی سیکرٹریٹ کے حوالہ سے بتایا کہ یہ ریمارکس اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر منعقدہ کوآرڈینیشن میٹنگ میں "مسئلہ فلسطین کے پرامن تصفیے اور دو ریاستی حل کے نفاذ" کے موقع پرخلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے دیے گئے، جس کی میزبانی اقوام متحدہ میں کویت کے مشن کی طرف سے کی گئی۔

(جاری ہے)

خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ نے فلسطینی علاقوں اور غزہ میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کانفرنس کے دوران زیر بحث لائے گئے اہم موضوعات پر رابطہ کاری سمیت متعدد متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ اجلاس میں غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحا ل خاص طور پر غذائی اور طبی اشیاء کی قلت خاص طور سے توجہ مرکوز کی گئی ۔

انہوں نے اس بحران کی وجہ اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے مسلط کی گئی جاری مداخلت اور ناکہ بندی کو قرار دیا، جس میں شہری آبادی کے خلاف ایک پالیسی کے طور پر بھوک کا جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی اقدامات تمام بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے کنونشنز اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور وہاں قحط کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فوری اور غیر محدود ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ممالک، تنظیموں اور اداروں کے ساتھ مل کر علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔\932