انکم ٹیکس گوشوارے کے سامنے آنے والے ڈرافٹ میں ابہام ہے ‘ چودھری زاہد عتیق

منگل 29 جولائی 2025 14:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر کے سینئر نائب صدر چودھری زاہد عتیق نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر ہے جبکہ جو ڈرافٹ آیا ہے اس میں بہت سارے ابہام پائے جا رہے ہیں،قانون کے مطابق انکم ٹیکس حتمی گوشوارہ یکم جولائی کو پورٹل پر موجود ہونا چاہیے جبکہ جولائی گزرنے والا ہے اور ابھی تک حتمی گوشوارہ سامنے نہیں آیا جو لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

وہ ٹیکس بارز کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار لاہور چیپٹر کے عہدیداران فاروق مجید،عاشق علی رانا، طاہر بشیر مغل،صولت ستار ملک،سید عرفان حیدر شاہ اوردیگر بھی موجود تھے۔ چودھری زاہد عتیق نے کہا ہے کہ ایف بی آر سسٹم کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جانا اچھی بات ہے مگر سسٹم میں آنے والی غلطیاں اور کوتاہیاں بھی تو دور کی جائیں،ایف بی آر جب غلطیوں سے پاک حتمی گوشوارہ جاری کرے اس وقت سے ریٹرن کی تاریخ شروع ہونی چاہیے کیونکہ قانون 90روز کی مہلت دیتا ہے تاکہ ٹیکس پیئر آسانی سے اپنا گوشوارہ جمع کرا سکیں۔