Live Updates

سیاسی و جمہوری طور پر ہماری حکومت نہیں گرا سکتے ان کی یہ اوقات ہی نہیں، علی امین گنڈاپور

گورنر راج یا مارشل لاء لگاتے ہیں تو لگالیں، غیرقانونی طریقے سے پورے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے وہ کرتے رہو، باقی کیسز اور سزاؤں سے ہم کنٹرول ہونے والے نہیں؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 13:09

سیاسی و جمہوری طور پر ہماری حکومت نہیں گرا سکتے ان کی یہ اوقات ہی نہیں، ..
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ سیاسی و جمہوری طور پر ہماری حکومت نہیں گرا سکتے ان کی یہ اوقات ہی نہیں۔ اسلام آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسن ایوب آپ کے لیے کریڈیبل صحافی ہوگا، میرے لیے وہ ایک ٹاؤٹ ہے وہ کس کے کہنے پر بولتا ہے، کہاں سے اسے فیڈنگ آتی ہے؟ اس کی باتیں کبھی بھی درست ثابت نہیں ہوئیں، حکومت میرے پاس عمران خان کی امانت ہے، میں سب کو چیلنج کر رہا ہوں کہ سیاسی اور جمہوری طریقے سے نہ تم میری حکومت گرا سکتے ہو، نہ تمہاری یہ اوقات اور نہ ہی حیثیت ہے، باقی کیسز اور سزائیں ہیں، گورنر راج اور مارشل لاء ہے وہ لگاتے ہیں تو لگا لیں، غیرقانونی طریقے سے پورے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے وہ کرتے رہو۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ مجھ پر اسلحہ اور بوتلیں ڈالی گئیں، میرے خلاف جو کیس بنایا گیا اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، یہ کیس 2016 سے چل رہا ہے اور جب بھی ان کی حکومت آتی ہے تو یہ جھوٹے کیس بناتے ہیں، اس کیس میں کئی بار پیش ہوا ہوں اور ہم ان پیشیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں، اس میں کچھ بھی نہیں ہے، ہمیں ان کیسز سے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، ان کیسز سے ہم کنٹرول ہونے والے نہیں ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ ہماری پوری لیڈرشپ، ہمارے ورکرز اور سپورٹر 5 اگست کو پورے پاکستان کے ہر ضلع ہر حلقے و شہر میں میں نگلیں گے جو پوری دنیا کو پیغام دیں گے، میں 5 اگست کے احتجاج کو اپنے صوبے میں لیڈ کروں گا، 5 اگست کے احتجاج کی قیادت میں پشاور میں کروں گا، میں ایسی ریلی کی قیادت کروں گا جس جیسی بڑی ریلی دنیا کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہوگی، یہ حق کی جنگ ہے اس میں ہم ہی جیتیں گے، عمران خان کی رہائی عدالتوں سے ہونی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات