سٹی ہاؤسنگ اور کشمیر ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی جیسے فراڈ منصوبوں کیخلاف جدوجہد بالآخر رنگ لے آئی ،طاہر کھوکھر

منگل 29 جولائی 2025 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)سابق وزیر اور سینئر سیاسی رہنما مرکزی صدر پاسبان وطن پاکستان محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ سٹی ہاؤسنگ اور کشمیر ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی جیسے فراڈ منصوبوں کے خلاف ان کی جدوجہد بالآخر رنگ لے آئی ہے اور عدالت نے ایک تاریخی اور انصاف پر مبنی فیصلہ دیتے ہوئے نہ صرف ان سکیموں کا کام روکنے کا حکم جاری کیا ہے بلکہ اندرون و بیرون ملک ان کی تشہیری مہمات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

طاہر کھوکھرنے کہا کہ وہ طویل عرصے سے ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی آواز بلند کر رہے تھے اور عوام کو بارہا ان منصوبوں کے اصل چہرے سے آگاہ کرتے رہے ان ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان نے پاکستان اور آزاد کشمیر میںسینکڑوں افراد کے ساتھ فراڈ کیا زمینوں پر قبضے کیے لوگوں کی جمع پونجی کو ہڑپ کیا اور انہیں الاٹمنٹ دینے میں ناکامی دکھائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ایک مفصل درخواست جمع کروائی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ جب تک ان سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں اور تمام حقائق منظرعام پر نہیں آ جاتے تب تک ان کے کام کو روکا جائے اور اشتہاری مہمات بند کی جائیں تاکہ مزید لوگ دھوکے کا شکار نہ ہوں۔عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے سٹی ہاؤسنگ، کشمیر ویلی اور متعلقہ تمام اداروں کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں جبکہ سوسائٹیوں کی سرگرمیاں اور تشہیر روکنے کے احکامات بھی صادر کیے ہیں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ میں عدلیہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ اس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم ہے یہ فیصلہ عوام کی جیت ہے اور ان عناصر کی شکست ہے جو مدتوں سے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ عناصر ملک کے اندر اور بیرون ملک پاکستانیوں کشمیریوںکو سہانے اور اے آئی کے خواب دکھا کر ان کی زندگی بھر کی کمائی لوٹتے رہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ان کا احتساب ہوہم کسی کو عوام کے خون پسینے کی کمائی کھانے کی اجازت نہیں دیں گے کشمیریوں کو لٹنے نہیں دے سکتے ہیں اس ریاست میں قانون کی حکمرانی ہے ۔