جنید اکبر خان نے شوگر ملز مالکان کو ملنے والی سبسڈی پر سوال اٹھا دیا،

5لاکھ میٹرک ٹن چینی اگلے سال کیلئے ریزرو رکھی گئی ہے،پی اے سی کے اجلاس میں بریفنگ

منگل 29 جولائی 2025 17:13

جنید اکبر خان نے شوگر ملز مالکان کو ملنے والی سبسڈی پر سوال اٹھا دیا،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر خان نے شوگر ملز مالکان کو ملنے والی سبسڈی پر سوال اٹھا دیا۔منگل کو جنید اکبر خان نے اجلاس کے دوران سیکرٹری صنعت و پیداوار سے سوال کیا کہ شوگر ملز مالکان کو برآمد کیلئے سبسڈی کیوں دی گئی ہم نے آپ سے شوگر ملز مالکان کی تفصیلات طلب کی تھیں کہاں ہیں تفصیلات ،سیکرٹری صنعت و پیداوار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس شوگر ملز کی فہرست ہے۔

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ صرف شوگر ملز کی فہرست نہیں بلکہ ان کے مالکان اور ڈائریکٹرز کی تفصیلات بھی دیں۔سیکرٹری صنعت و پیداوار نے اجلاس کے دوران بتایا کہ گزشتہ سال ملک میں چینی کی پیداوار 76لاکھ 60ہزار میٹرک ٹن تھی، اس میں سے 13لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ چینی سرپلس رہی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں نے بتایا کہ 5لاکھ میٹرک ٹن چینی اگلے سال کیلئے ریزرو رکھی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ اور ای سی سی نے 3مراحل میں7لاکھ 90ہزار ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی، چینی برآمد کر کے 40کروڑ ڈالرز سے زیادہ زرمبادلہ کمایا گیا۔بریفنگ میں بتایا کہ جب چینی ایکسپورٹ کی گئی تو مقامی مارکیٹ میں قیمت 143روپے کلو تھی اور اس وقت مقامی مارکیٹ میں قیمت 173روپے فی کلو ہے، مارکیٹ میں قیمت بڑھنے پر وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی۔