اسلام آباد چیمبر کے وفد کی بنگلہ دیش میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر سے ملاقات، بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال

منگل 29 جولائی 2025 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) بنگلہ دیش میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر محمد واصف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو باہمی اقتصادی فائدے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے منگل کو یہاں سے جاری پریس ریلیز کیے طابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جو اس وقت ڈھاکہ میں کاروباری مواقع کی تلاش کے لیے موجود ہے۔

آئی سی سی آئی کے وفد کی قیادت اس کے صدر ناصر منصور قریشی کر رہے ہیں اور اس میں نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبر روحیل انور بٹ اور کونسل ممبر چوہدری محمد مسعود شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایکٹنگ ہائی کمشنر نے آئی سی سی آئی کے دورہ بنگلہ دیش کو سراہا اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اس طرح کی دوروں کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے وفد کو اس کے کاروباری اقدامات کو آسان بنانے اور بنگلہ دیش میں اہم سٹیک ہولڈرز سے رابطوں میں ہائی کمیشن کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے پرتپاک استقبال کے لیے قائم مقام ہائی کمشنر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بنگلہ دیشی کاروباری اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے میں نجی شعبے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی صنعتوں جیسے شعبوں میں تعاون کا خواہشمند ہے۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش اپنی مشترکہ تاریخ کے ساتھ بے پناہ اقتصادی صلاحیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان منظم مکالمے کی اہمیت پر زور دیا اور پائیدار تجارتی روابط کے فروغ کے لیے کاروباری مصروفیات میں اضافے کی وکالت کی۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلے، بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت اور مشترکہ کاروباری فورمز کی تنظیم دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہائو کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔آئی سی سی آئی کا وفد ڈھاکہ میں اپنی مصروفیات جاری رکھے گا جس میں ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بی ٹو بی میٹنگز اور بنگلہ دیش کے اہم کاروباری گروپوں کے ساتھ بات چیت شامل ہے۔