انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ، یادگار شہداء پولیس پر حاضری، پھول چڑھائے اور شہداء پولیس کے درجات بلندی کیلئے دعا کی

منگل 29 جولائی 2025 22:59

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے منگل کو ا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا،اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور،ڈی پی او ڈیرہ صاحبزادہ سجاداحمد سمیت دیگر اعلی پولیس افسران نے آئی جی پی ذوالفقار حمید کا استقبال کیا۔

پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی بعد از سلامی آئی جی پی نے یادگار شہداء پولیس پر حاضری دیتے ہوئے سلامی دی، پھول چڑھائے اور شہداء پولیس کے درجات بلندی کیلئے دعا کی۔بعد از اں آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور نے پولیس لائنز ڈیرہ میں جدید اقسام کے اسلحہ و ایمونیشن کا معائنہ کرایا۔ اس موقع پر آر پی او ڈیرہ نے آئی جی پی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا وزٹ کرا یا اور تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

آئی جی پی خیبر پختونخوا کوبتایا گیا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں 300 جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیمروں کی مدد سے ایک وسیع نیٹ ورک قائم کر دیا گیا ہےجس ذریعے 24 گھنٹے ڈیرہ شہر کے حساس مقامات،سرکاری دفاتر کی سکیورٹی،سنٹرل جیل،پولیس لائنز،شہر کے وسط میں موجود چاروں بازاروں،مارکیٹوں اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کی جارہی ہے۔

مانیٹرنگ کے اس جدید انٹیلی جنس نظام سے ضلع کے تمام جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور وارداتوں کا آسانی سے سراغ جبکہ دوسری جانب شہر میں ہونے والی چوریاں اور ڈکیتیوں میں ملوث افراد کے کھوج میں مدد ملے گی۔ بعد میں پولیس لائنز ڈیرہ میں آئی جی پی کی صدارت میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او ڈیرہ، آر پی او بنوں،ڈی پی اوز ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان لوئر، علمائے کرام، ممبر امن کمیٹی اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی کے لیے موجود حالات کے پیش ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ڈویژن میں جدید اسلحہ و ایمونیشن، گاڑیوں سیف سٹی پراجیکٹس سمیت پولیس جوانوں کیلئے محفوظ اور مضبوط تھانہ جات اور چ کیوں کی تعمیرات جاری ہیں جس سے علاقے کے امن و امان میں واضح فرق نظر آئے گا۔اس علاقے کے امن و امان اور اپنی نسلوں کی ترقی و خوشحالی کے آپ تمام نے ہماری رہنمائی کرنی ہے اور آپس میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہو گا۔

ریجنل پولیس آفس ڈیرہ میں آئی جی پی ذوالفقار حمید کی زیر صدارت ڈیرہ اور بنوں ڈویژن میں سیف سٹی پراجیکٹس، تھانہ جات اور چوکیات کی تعمیرات کے حوالے سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس بھی منعقد ہوا۔جس میں ڈی جی پی سی یو،ڈی آئی جی آپریشن، ڈی آئی جی آئی ٹی،آر پی او ڈیرہ، آر پی او بنوں، ڈی پی او ڈیرہ، ڈی پی او بنوں، ڈی پی او لکی مروت سمیت دیگر اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں آر پی اوز ڈیرہ اور بنوں نے سیف سٹی پراجیکٹس سمیت ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ڈویژن کے تھانہ جات اور چ کیوں کو محفوظ اور مضبوط بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔آئی جی پی نے ڈیرہ اور بنوں ریجن کے اضلاع کے تھانہ جات اور چ کیوں کی تعمیرات کے حوالے سے انفرادی طور پر جائزہ لیا اور تمام تھانہ جات اور چو کیوں کو مزید محفوظ بنانے کے حوالے سے مشاورت کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے۔

اس موقع پر انہوں ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کیے گئے پولیس ٹریننگ سکول میں 75 ریکروٹس کو بہترین بنیادی تربیت دینے والے پولیس افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کئے۔قبل ازیں آئی جی پی ذوالفقار حمید نے ہمراہ آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور کے طارق شہید چیک پوسٹ ڈیرہ اورعوام کی سہولیات کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی طرف سے پولیس ڈرائیونگ اسکول کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو حادثات کی روک تھام اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرنا ہے جہاں پر مرد و خواتین کو یکساں تربیتی مواقع میسر ہوں گے۔ سکول میں نہ صرف عملی ڈرائیونگ کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین،روڈ سیفٹی کے قوانین سے آگاہی حاصل کر سکیں گے بلکہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں بھی یقینی مدد و آسانی میسرہو گی۔اس موقع پر آئی جی پی نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔mae