وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے صدر نیشنل بینک کی ملاقات، صنعتی ترقی کے لیے مالی معاونت بڑھانے پر تبادلہ خیال

بدھ 30 جولائی 2025 11:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوارہارون اختر خان سے بدھ کو نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی) کے صدر رحمت علی حسنی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتی ترقی کے لیے مالی معاونت بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صنعتی قرضوں، سرمایہ کاری کے فروغ، اور بنکاری شعبے و صنعتی ڈھانچے کے درمیان شراکت کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پائیدار صنعتی ترقی کے لیے مالی سہولیات کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں نیشنل بینک کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کی معاونت معیشت کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کے لیے بینکاری شعبے کا تعاون انتہائی ضروری ہے اور مستحکم صنعتی ڈھانچے کے لیے مالیاتی اداروں کی شراکت ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بنکوں کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور حکومت کاروباری اداروں کے لیے سازگار مالی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔صدر نیشنل بینک رحمت علی حسنی نے معاون خصوصی کو حکومت کے صنعتی ترقی کے وژن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے مسلسل شراکت کا عزم ظاہر کیا۔