کوہستان لوئر، تھانہ دوبیر کو مرمت، تزئین و آرائش اور جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا

بدھ 30 جولائی 2025 15:13

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) کوہستان لوئر کے تھانہ دوبیر کو مرمت، تزئین و آرائش اور جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق ڈی پی او کوہستان لوئر تیمور خان کی قیادت میں ضلع بھر میں تھانوں اور چوکیوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے عمل کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ دوبیر کی تزئین و آرائش اور جدید سہولیات کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

تھانے کی چاردیواری کو سکیورٹی کے جدید تقاضوں کے مطابق چاروں اطراف سے اونچا کر کے خاردار تاریں نصب کی گئی ہیں۔ تھانے کے مرکزی گیٹ پر ایک نئی اور مضبوط سنتری پوسٹ تعمیر کی گئی ہے۔ تھانہ بلڈنگ، باؤنڈری وال، گیٹ اور دیگر حصوں کی مکمل مرمت اور رنگ و روغن کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تھانے میں بجلی اور پانی کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ تھانہ دوبیر اب پولیس سہولت مرکز، کریمنل ریکارڈمینجمنٹ سسٹم، پولیس سٹیشن ریکارڈ، منیجمنٹ سسٹم اور ڈی آر سی کے دفاتر جیسی جدید سہولیات سے لیس ہے۔

ان تمام اقدامات کا مقصد عوام کو ایک ہی چھت تلے تمام بنیادی پولیس خدمات فراہم کرنا اور پولیسنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او کوہستان لوئر نےکہا کہ جدید، محفوظ اور عوام دوست تھانے ہماری ترجیح ہیں، ہم عوامی خدمت اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔